اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے سامرا آپریشنل ڈیویژن کے کمانڈر، جنرل عماد الزہیری نے ایک پریس کانفرنس میں جس میں صوبہ صلاح الدین کے گورنر اور شہر سامرا کے حکام موجود تھے، اعلان کیا ہے کہ ، فوج ، مقامی اور فیڈرل پولیس نیز عوامی رضاکار فورس کے جوانوں سے شہر کے مختلف علاقوں اور اطراف میں خصوصی سیکورٹی پلان پر عمل کرتے ہوئے اس شہر کو پوری طرح محفوظ بنادیا ہے - انہوں نے بتایا ہے کہ داعش کے دہشتگردوں کو سامرا سے کافی دور کردیا گیا ہے - جنرل عماد الزہیری نے بتایا کہ داعش کے خلاف آپریشن میں فوج ، عوامی رضا کار فورس اور دیگر سیکورٹی دستوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے -
انہوں نے بتایا کہ شہر اور اس کے مضافات کی تمام حفاظتی چوکیوں پر مقامی اور فیڈرل پولیس ، فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے - اسی کے ساتھ ہر چوکی پر انٹیلیجنس سروس کے کارکن کو بھی تعینات کیا گیا ہے -
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس بالخصوص مقتدی صدر کی کمان میں ، سرایا السلام نامی فورس کے ساتھ مل کے سامرا کے جنوب میں واقع علاقوں کو دہشتگردوں سے پوری طرح پاک کردیا ہے - فوج اور عوامی رضاکاروں کے اس مشترکہ آپریشن میں داعش کے سیکڑوں افراد مارے گئے - آپریشن ميں عراقی فوج کے چند جوان شہید ہوئے ہیں -
دوسری طرف شہر موصل کو آزاد کرانے کے لئے وسیع آپریشن شروع کرنے کے اعلان کے بعد داعش کے افراد نے بھاگنا شروع کردیا ہے -
رپورٹوں ميں بتایا گیا ہے کہ موصل سے داعش کے دہشتگردوں کی بڑی تعداد شام بھاگ گئی ہے - شہر موصل عراق کے صوبہ نینوا کا مرکزی شہر ہے اور صوبہ نینوا کی سرحدیں شام سے ملتی ہیں - خبری ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش گروہ نے اپنے جنگی وسائل اور اسلحے بھی موصل سے شام منتقل کرنا شروع کردیئے ہیں -
اسی کے ساتھ رپورٹوں میں بتایا گيا ہے کہ داعش نے شہر موصل کے نزدیک اپنے پانچ کمانڈروں کو خیانت کے الزام میں ہلاک کردیا ہے - اس رپورٹ کے مطابق داعش نے ان پانچ کمانڈروں کو گولیاں مارنے کے بعد ان کے جنازے ایک اونچی عمارت سے نیچے پھینکے ہیں -
اسی کے ساتھ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر تکریت کے مشرق میں واقع العلم نامی علاقے میں داعش نے سترہ افراد کو قتل کردیا ہے - ان میں سے چار افراد کا تعلق تکریت سے اور تیرہ کا تعلق الجبور اور الجیسات قبائل سے تھا - ان افراد کا تعلق ان دو سو افراد سے بتایا گیا ہے کہ جنہیں داعش کے دہشتگردوں نے گروہ میں شامل ہونے سے انکار کی بنا پر گرفتار کرلیا تھا -
داعش نے اسی کے ساتھ موصل میں بھی تیس نوجوانوں کو گروہ میں شامل ہونے سے انکار کرنے پرقتل کردیا ہے۔ داعش نے چندروز قبل شام میں بھی، دیر الزور کے ہوائی اڈے کے اطراف میں فوج اور عوامی رضاکار فورس سے شکست کے بعد اپنے دوسو اراکین کو میدان جنگ سے بھاگنے کے جرم پر گولیاں مارکے ہلاک کردیا تھا ۔
.......
/169